پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے:وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کو بھرپور جوابی کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، فیلڈ مارشل کی بےباک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کو بھرپور جواب دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے افغانستان کی متعدد پوسٹس کو تباہ کر کے ان کو پسپائی پر مجبور کیا۔ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے
جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔توقع ہے افغان حکومت یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔
