انتشار پسندوں کی خواہش ہے کہ حالات کسی طرح خراب کیے جائیں: عطا تارڑ
لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی حکومت کا سربراہ جیل میں بیٹھ کر دہشتگردوں کو آج بھی سپورٹ کرتا ہے اور تاثر ہے کہ ٹی ٹی پی پی ٹی آئی کا عسکری ونگ بن چکی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کچھ لوگ خیبرپختونخوا میں قیام امن میں رکاوٹ ہیں، انتشار پسندوں کی خواہش ہے کہ حالات کسی طرح خراب کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد ہوئی، آپریشن رد الفساد اور ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردی کا خاتمہ ہوا۔
عطا تارڑ نے کہا ہےکہ تحریک انتشار سمجھتی ہے کہ دہشتگردوں کا ساتھ دینے میں ہی عافیت ہے، اس جماعت نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشتگردوں کو لاکر بسایا، جیل میں بیٹھے ہوئے شخص کی خواہش ہےکہ لاشوں پر سیاست کیسے چمکائی جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی کابینہ میں ٹمبر مافیا اور ڈرگ مافیا بیٹھا ہے، کے پی حکومت نے تمباکو، ٹمبر مافیا کےخلاف ایکشن کیوں نہیں لیا، کے پی حکومت نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کےخلاف کیوں کارروائی نہیں کی۔
