ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ ناکام،5 دہشتگرد ہلاک، 7 جوان شہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ کرنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیاگیا جب کہ مقابلے میں 7 پولیس اہلکاروں نہ شہادت کا رتبہ پالیا۔
رپورٹس کے مطابق دہشتگردوں نے گزشتہ رات تقریباً ساڑھے 8 بجے پولیس ٹریننگ اسکول ڈی آئی خان پر خودکش حملہ کیا تھا۔پولیس ٹریننگ اسکول میں آپریشن رات گئے مکمل کیا گیا جس میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔
حملے میں 7 اہلکار شہید ہوئے جبکہ خودکش بمبار سمیت 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
13زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 7 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جان دے کر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا، پولیس نے دلیری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
