سندھ حکومت نے روٹ پرمٹس کے اجرا اور سرٹیفکیٹس کی فراہمی کا مینول سسٹم ختم کر دیا
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس کے اجرا اور رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔اس نئے نظام کے تحت روٹ پرمٹس کے اجرا اور سرٹیفکیٹس کی فراہمی کا عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ مینول سسٹم ختم کر دیا گیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ منتقلی کے عمل کو شفاف اور ہموار بنانے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اس تبدیلی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے 2024 میں صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے “آٹومیشن آف پی ٹی اے، آر ٹی ایز اور ایم وی آئیز” کے منصوبے کا آغاز کیا تھا، جس کے پہلے مرحلے میں مارچ 2025 میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، فزیکل انسپیکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے آن لائن پورٹل لانچ کیا گیا تھا۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں دو نئے ویہیکل فٹنس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ایک ذوالفقارآباد آئل ٹینکرز ٹرمینل ملیر میں اور دوسرا ابراہیم حیدری کورنگی میں۔صرف چار ماہ کے قلیل عرصے میں 35 ہزار سے زائد گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ بغیر فٹنس گاڑیوں کا ڈیٹا ٹریفک پولیس اور موٹر وے پولیس سے بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے مزید فٹنس سینٹرز کراچی سمیت سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کو یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے آن لائن سسٹم کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ دفتر آئے بغیر ہی روٹ پرمٹس کے اجرا یا تجدید کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ گاڑی مالکان کو پرمٹ کی میعاد ختم ہونے سے 15 روز قبل ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع بھی فراہم کی جائے گی۔ سینئر وزیر شرجيل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اس ڈیجیٹلائزیشن سسٹم سے شفافیت کو فروغ ملے گا، بغیر استعمال پرمٹس منسوخ ہوں گے اور محکمے کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
