صوبائی حکومت تمام بیراجوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے:شرجیل انعام میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تمام بیراجوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، حکومت سندھ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں مکمل طور پر مصروف ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گڈو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب جاری ہے، جبکہ کوٹری نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کچہ کے علاقوں سے 5269 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، اب تک منتقل ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 163,364 ہو گئی ہے، کچہ کے علاقوں سے 252 افراد ریلیف کیمپس میں منتقل ہوئے، ریلیف کیمپس میں موجود افراد کی مجموعی تعداد 469 ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 177 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سائٹس قائم کی گئی ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6,596 مریضوں کا علاج کیا گیا، اب تک مجموعی طور پر 84,118 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11,569 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد اب تک منتقل ہونے والے مویشیوں کی تعداد 438,835 تک پہنچ گئی ہے، 51,308 مویشیوں کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا، جس کی مجموعی تعداد 1,232,223 ہو گئی ہے۔
