افغانستان کو واضح کردیا خارجیوں اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرے:وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسداد دہشتگردی سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا بھرپور جواب جاری رہے گا، کسی قسم کی دہشتگردی برداشت نہیں کی جائے گی، افغانستان کو واضح کردیا خارجیوں اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو رد کرتی ہے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے جنوبی وزیرستان آپریشن میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور بنوں سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر جواب دیں گے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ اور سہولت کار افغانستان میں ہیں، دہشتگردوں کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سہولت کاری اور معاملہ فہمی کی بات کرنے والا دہشتگردوں کا آلہ کار ہے، دہشتگردوں کے آلہ کار کو اسی زبان میں جواب دیں گے جس کا وہ حقدار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم افواج پاکستان کے ساتھ بھارتی پراکسیز کیخلاف بنیان مرصوص کی طرح متحد ہے، جو بھی ضروری انتظامی اور قانونی اقدامات کرنا پڑے وہ فوری کریں گے۔
