شدید بارشوں کی وجہ سے لیاری ندی اور ملیر ندی میں طغیانی آئی:شرجیل انعام میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں بڑھتے ہوئے پانی کے پیش نظر بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں، کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بتدریج بہتری کی طرف جا رہی ہے،ڈیم بھرنے اور شدید بارشوں کی وجہ سے لیاری ندی اور ملیر ندی میں طغیانی آئی۔سمندر میں اونچی لہروں کی وجہ سے بھی بارش کے پانی کے اخراج میں تاخیر ہوئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شدید بارشوں کی وجہ کچھ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں بارش کا نیا اسپیل آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے،مزید بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال کچھ ہی گھنٹوں میں معمول پر آجائے گی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میئر کراچی مرتضٰی وہاب کی سربراہی میں کراچی کی شہری حکومت اور پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
