ریڈ لائن بی آر ٹی کی بروقت تکمیل کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایشین ڈولپمینٹ بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا ، آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں ایشین ڈولپمینٹ بینک کے وفد میں ڈیوڈ مارگونز اسٹرن، سید عمر علی شاہ ، حمید خان، فرانسوا لوئی گلیوم، احسن پراچہ اور وینجنگ پو شامل تھے۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی کے لاٹ ون اور لاٹ ڈو کے تحت جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی
ایشین ڈولپمینٹ بینک کے وفد کی جانب سے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی شہر کی سفری ضروریات کے لئے نہایت اہم قرار دیا گیا۔
حکام ایشین ڈولپمیٹ بینک نے کہا کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لئے مالی اور تکنیکی دونوں سطحوں پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی حکومت سندھ کا ترجیحی منصوبہ ہے جس سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہوں گے، منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو محفوظ، تیز اور کم لاگت سفری سہولت میسر ہوگی اور شہر کے ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی کی بروقت تکمیل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
