وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری
بنگلادیش کے تاریخی دورے پر پہنچنے والے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے
تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔
وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلا دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں گورنر بنگلادیش بینک، ایگزیکٹو چیئرمین بنگلادیش انویسٹمنٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن، چیئرمین سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایکٹنگ وائس چیئرمین ایکسپورٹ پروموشن بیورو، بنگلا دیش کے سیکرٹریز کامرس و ایوی ایشن، چیئرمین نیشنل بورڈ آف ریونیو بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا کے مسئلے کے حل سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ کیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے سوشل میڈیا یر جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جن میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں تعاون اور انسانی ہمدردی کے مسائل شامل تھے۔
وزارت خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
