بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سول ملٹری تعاون ناگزیر ہیں:فیلڈ مارشل

بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلیے سول ملٹری تعاون ناگزیر ہیں: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے تربت، بلوچستان کا دورہ کیا۔

اس دورے کا مقصد موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، ترقیاتی اقدامات کا معائنہ کرنا اور بلوچستان کے استحکام و خوشحالی کے لیے عسکری و سول اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سکیورٹی صورتحال، فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز،ترقیاتی منصوبوں اور سماجی و معاشی بہتری کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات میں گڈ گورننس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی مفاد پر مبنی جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے عوام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور جنوبی بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلیے سول و ملٹری تعاون اور مشترکہ کوششیں  ناگزیر ہیں۔

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، عملی تیاری اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

انہوں نے مشکل حالات میں امن و استحکام قائم رکھنے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

قبل ازیں تربت پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کور کمانڈر بلوچستان نے استقبال کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں