نفرت کی سیاست شہر میں کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی:شرجیل انعام میمن
کراچی: یوم آزادی کے موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے 13 اگست کو منعقد ہونے والے گرینڈ میوزیکل شو کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن کو انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور میئر کراچی مرتضٰی وہاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ پورے صوبے میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر یوم آزادی کی بھرپور تقریبات منعقد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانی کی قرارداد بھی سندھ اسمبلی نے جمع کرائی تھی اور وزیر اعلیٰ سندھ نے وزارتی کمیٹی بنائی ہے جس میں مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو شامل کیا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ یہ نہ حکومت کا پروگرام ہے اور نہ پیپلز پارٹی کا، بلکہ یہ پورے پاکستان کا پروگرام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں تاریخی پروگرام منعقد ہوا اور آج سکھر میں بھی تقریب ہونے جا رہی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کی گنجائش 27 ہزار ہے اور تمام نشستیں رجسٹر ہو چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جن لوگوں نے رجسٹریشن کروائی ہے وہی پروگرام میں شرکت کریں گے، جبکہ جو رجسٹریشن نہیں کروا سکے ان کے لیے لائیو نشریات کا انتظام کیا گیا ہے۔ کراچی کا کنسرٹ سندھ کے تمام اضلاع میں اسکرینز پر براہ راست دکھایا جائے گا۔
گزشتہ روز ہونے والے تاریخی مشاعرے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات کراچی میں ایک تاریخی مشاعرہ ہوا، اور جشن ازادی کی مناسبت سے پورے شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے،
شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں تعینات ہوگی جبکہ خواتین، مردوں اور فیملیز کے لیے علیحدہ داخلے کا انتظام کیا جائے گا۔ ٹریفک کے لیے مکمل پلان اور میوزیکل کنسرٹ کے لیے شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی ہے اور گزشتہ روز بھارتی ایئر چیف کی پاکستان کے خلاف جھوٹی دعوے کئے کہ ہم نے بھی پاکستانی طیارے گرائے، حالانکہ پوری دنیا پاکستانی فتح کو تسلیم کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر احتجاج کے لیے پی ٹی آئی نے ایسا دن چنا تاکہ انتشار پھیلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب عمران خان کے لیے نکلنے کو تیار نہیں اور نیویارک ٹائمز میں اس کے لیے مہنگے اشتہارات شائع کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بھی حصہ لے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر کا امن خراب کرنے والے شرپسند عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور چند سازشی عناصر کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان معاملات سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ "صاحب” اور "بھائی” دونوں اچھے الفاظ ہیں اور پرانا دور نہ آئے گا اور نہ ہم آنے دیں گے۔ جو بھی غلط کام کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی، خاص طور پر اگر کوئی طیش میں آ کر ٹرک جلائے گا تو اس کے خلاف 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی غلط پیغام دینے والا سختی سے روکا جائے گا اور نفرت کی سیاست شہر میں کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، کراچی کمشنر سید حسن نقوی، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو، اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز و افسران بھی موجود تھے۔