سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ، ماحولیات کاربن مارکیٹ اور فنانسنگ کا ذمے دار مقرر
کراچی: سندھ کابینہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کاربن مارکیٹ اور کاربن فنانسنگ کے لیے محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی کو نامزد محکمہ مقرر کر دیا۔
یہ فیصلہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی معاہدے UNFCCC کے آرٹیکل 6 کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی 2024 کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت سندھ اب ماحول دوست اقدامات کے بدلے عالمی اداروں سے مالی فائدہ حاصل کر سکے گا۔
کاربن کریڈٹس کے تحت درخت لگانے، آلودگی کم کرنے پر عالمی اداروں سے مالی فوائد حاصل کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ محکمہ ماحولیات، ماحولیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی ان منصوبوں کا مرکزی نگران ہوگا۔
سیکریٹری ماحولیات زبیر چنہ نے کہا کہ کاربن فنانسنگ سے ماحول کے ساتھ معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔ عالمی اداروں سے شراکت بڑھے گی اور سندھ میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔یہ قدم وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت میں ماحولیاتی ترقی کی طرف ایک بڑا اور مثبت قدم ہے۔سندھ میں سبز سرمایہ کاری بڑھے گی اور مقامی آبادی کو ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔