فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا:ناصر حسین شاہ

فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا:ناصر حسین شاہ/سعید غنی/ذوالفقار شاہ

کراچی: صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے اور انشاءاللہ بہت جلد ہم کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوا کر ہی دم لیں گے۔ کشمیر کا مقدمہ انصاف اور انسان کا مقدمہ ہے۔ آج بھارت پوری دنیا میں ذلت کا نشانہ بنا ہوا ہے اور انشاءاللہ ہم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق جلد فیصلہ ہوجائے گا۔ آئندہ سال 5 اگست 2026 کو جب ہم ملیں گے تو اس وقت کے کشمیر کے حالات یکسر تبدیل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پیپلز چورنگی تا مزار قائد تک نکالی جانے والی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی سے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما ایڈوکیٹ پرویز احمد،  پیپلز پارٹی کے لعل چند اکرانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سلیم بلوچ، سرفراز راجڑ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، کلثوم چانڈیو، اویس شاہ، سنئیر ممبر بورڈ ریونیو سید خالد حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنر ایسٹ ابرار جعفر، غلام محمد و دیگر بھی شریک تھے۔ ریلی کےراستوں پر کشمیر اور پاکستان کےجھنڈے لگائے ہیں۔

ریلی کے شرکاء  نے ہاتھوں میں کشمیری حریت پسندوں کی تصاویر اٹھا رکھے تھے۔

ریلی میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہر سال ہم 5 اگست 2019 کو بھارتی جارحیت اور بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قرارداد کے برعکس ان کے خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے ایک سازش کے خلاف یوم استحصال کشمیر کے طور پر مناتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ آج ہم یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ گذشتہ برس 2024 کو جب یہ دن ہم منا رہے تھے اس وقت ہم اتنے زیادہ پرامید نہیں تھے کہ جلد ہم کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوا دیں گے لیکن آج جب ہم 2025 میں یہ دن منا رہے ہیں تو ہم بہت زیادہ پرعزم ہیں کیونکہ 10 مئی کو بھارت کو جو ذلت پاکستانی افواج کے ہاتھوں اٹھانی پڑی ہے اور آج دنیا بھر میں بھارت جس طرح ذلیل ہورہا ہے انشاءاللہ آئندہ سال 2026 تک ہم آج کی صورتحال سے زیادہ کشمیر کے معاملہ بہتر ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انشاءاللہ جلد مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے دن ختم ہوں گے۔ اللہ کی مہربانی پاک فوج کی مہارت اور قوم کےجذبے سے فتح ملی اور انشاءاللہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انہیں بھی ان کی مرضی اور منشاء کے مطابق آزادی دلوا کر ہی دم لیں گے۔

وزیر ثقافت ذوالفقارعلی شاہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن پاکستان کی عوام کبھی بھول نہیں سکتی۔ اقوام متحدہ کو کشمیریوں کی چیخیں کیوں سنائی نہیں دیتی، جس طرح غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر مظالم ہورہے ہیں اسی طرح بھارت کی جانب سے نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر بھی مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کا بے روپ چہرہ عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور انشاءاللہ کشمیر کے معاملہ پر بھی وہ بھارتی جارحانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خوبصورت واادیاں انشاءاللہ جلد پاکستان کے ساتھ ہوں گی۔

حریت رہنما ایڈوکیٹ پرویز احمد نے کہا کہ میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہر سال کی طرح اس سال بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے صوبے بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا ہے اوع کشمیریوں کی آواز کو عالمی سطح تک بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ایڈوکیٹ پرویز احمد نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی آپریشن سندور کے جواب میں جو بنیان مرصون کے تحت بھارت کو دھول چٹائی اس کے بعد 70 سالوں کے بعد ایک بار پھر کشمیریوں کے حوصلے مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 80 لاکھ کشمیریوں پر بھارت نے اپنی 10 لاکھ افواج کو تعینات کیا ہوا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں