وزیراعظم سے کرغزستانی وفد کی ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کرغزستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، روابط اور عوامی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات پاکستان اور کرغزستان کے مابین باہمی تعاون میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے دوران کیے گئے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے مستقبل میں اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل، تجارتی وفود کے تبادلوں اور علاقائی روابط کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ طے شدہ معاہدوں کو صرف کاغذی منصوبوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں ٹھوس نتائج میں بدلنے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی کے تحت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔