ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازع اب بھی برقرار ہے۔
برطانوی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر بھارت کو جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی، ہم جنگ کیلئے بھی تیار ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ محض بیوقوفی ہوگی۔ایٹمی جنگ دونوں ممالک کے لیے باہمی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ ایٹمی جنگ ناقابل تصور اور نامعقول خیال ہونا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اپنے بیانیے کی وجہ سے آگ سے کھیل رہا ہے۔ بھارت ہر چند سال بعد ایک جھوٹا بیانیہ گھڑتا ہے۔ دنیا بھی اب جان چکی ہے بھارت کا پہلے دن سے مؤقف بے بنیاد تھا۔حالیہ دنوں کے حالات میں پاکستان نے بہت بالغ نظری سے ردعمل دیا۔ پاکستان نے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم امن سے محبت کرتے ہیں۔ ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اگر بھارت کو جنگ چاہیےتو پھر جنگ سہی، ہم جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔ بھارت جس طریقے سے بات کر رہا ہے وہ اپنی داخلی سیاست کو بہتر کرنے کا طریقہ ہو سکتا ہے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سیاست اور سفارتکاری پاک فوج کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔ اصل تنازع اب بھی کھڑا ہے۔اصل مسئلے میں کسی وقت بھی چنگاڑی ڈالی جا سکتی ہے۔ بھارت گھمنڈ کا شکار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حالات کو دیکھیں 10 مئی کے بعد کتنے دن گزر چکے ہیں مگر بھارت میں جو بیانیہ چلایا جا رہا ہے وہ اب بھی جاری ہے۔ کیا آپ کو بھارت میں کسی ذمہ دار سیاسی قیادت کی جھلک دکھائی دیتی ہے؟بھارت کی حکومت میں کوئی بھی پہلگام واقعے سے متعلق سخت سوالات نہیں کر رہا۔ بھارتی حکومت میں کوئی یہ نہیں پوچھ رہا کہ اتنا بڑا سکیورٹی لیپس آخر کیسے ہوا؟ بھارت میں کسی کو ان واقعات کے پیچھے موجود وجوہات کو سمجھنے میں دلچسپی نہیں۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت ان آوازوں کو سننے کو تیار نہیں جو ظلم و زیادتی کی بات کر رہی ہیں۔ 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات پاکستان نے بھارت کو نپا تلا، مربوط اور متناسب جواب دیا۔یہ ایک محدود سطح پر ہماری روایتی فوجی طاقت کا استعمال تھا اور ہماری تکنیکی صلاحیت کا ایک چھوٹا لیکن نہایت مؤثر مظاہرہ تھا۔اس کے بعد آپ نے دیکھا کہ بھارت نے پیچھے ہٹنا شروع کیا۔ اچانک بھارت بات چیت اور کشیدگی کم کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے لگا-