وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جارحیت کے خلاف شان دار فتح حاصل کرنے پر مسلح افواج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں بلکہ 6 جہاز مار گرائے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شاہینوں سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ کو اپنی طرف اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی طرف سے عظیم اور شان دار فتح پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرنے آیا ہوں، جس طرح 3 رافیل کو نشانہ بنایا اُسے مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میں قوم کے عظیم ماؤں کے بیٹوں سے مل کر آیا ہوں جنہوں نے اس مختصر جنگ میں دشمن کے نہ صرف دانت توڑے بلکہ اس کے گھمنڈ اور غرور کو بھی اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کے ساتھ خاک میں ملایا۔ 6 مئی سے لے کر 10 مئی کے جو دن گزرے ہیں اور 10 مئی کو اختتام سے پہلے پوری دنیا کو آپ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے ورطہ حیرت میں ڈال دیا، دشمنوں کو آپ نے ان کے چاروں طبق روشن کردیے اور دوستوں اور بہی خواہوں کے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے شان دار فتح پہلے ہمیں کبھی نصیب نہیں ہوئی اور اس شان دار فتح سے نہ صرف دنیا کی سوچ تبدیل کردیا بلکہ خطے اور پوری دنیا میں توازن کو تبدیل کردیا ہے، اس سے بڑی اللہ تعالیٰ کی ہم پر مہربانی کوئی نہیں ہوسکتی۔ پاک فوج کی اس شان دار کامیابی پر ہم سب کی گردنیں اللہ کے حضور جھکی ہوئی ہیں مگر دشمن کو پیغام دیا کہ دوبارہ میلی سے دیکھا تو اس کو پاؤں تلے روند دیں گے۔جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ان میں سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو مبارک پیش کرتا ہوں، ایئرچیف بابرسندھو اور نیول چیف کو مبارک پیش کرتا ہوں کہ 10 مئی کو پوری دنیا میں ایک گونج اٹھی کہ یہ جنگ پاکستان نے اپنی تیکنیکی مہارت، اپنی تحقیق سے مہارت حاصل کی تھی اس سے جیتی ہے۔
