وزیراعلیٰ پنجاب نے "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کا افتتاح کردیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے گھر افراد کے لیے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی شاندار کامیابی کے بعد اب انہوں نے "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کا افتتاح کیا ہے جس کے تحت صوبے کے بے گھر شہریوں کو مفت پلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آج ایک تقریب میں ڈیجیٹل بٹن دبا کر "اپنی زمین، اپنا گھر” ای-پورٹل (AZAG.PUNJAB.GOV.PK) کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ سکیموں کے تحت پہلے مرحلے میں دو ہزار پلاٹ مفت دیئے جائیں گے۔ یہ پلاٹ تین مرلے کے ہوں گے اور بے گھر شہری اس ای-پورٹل پر جا کر مفت رجسٹریشن کروا سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ "اپنی زمین، اپنا گھر” کے تحت قرعہ اندازی میں پلاٹ حاصل کرنے والے خوش نصیب افراد اپنا گھر بنانے کے لیے قرض بھی حاصل کر سکیں گے۔ پہلے فیز میں جن اضلاع میں مفت پلاٹ دیئے جائیں گے ان میں جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خورد شامل ہیں۔

"اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کو اپنے دل کے بہت قریب قرار دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی قائد محمد نواز شریف کا ویژن تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ چھ ماہ کی قلیل مدت میں تقریباً 34 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے جن میں سے 2 ہزار مکمل بھی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ان گھروں کو محض اینٹ اور گارا نہیں بلکہ بے گھر افراد کی دعائیں قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے "اپنی چھت، اپنا گھر” کے تحت مکان بنانے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کی اور بتایا کہ اس پروگرام کے تحت آسان ترین اقساط اور تین ماہ کا گریس پیریڈ مقرر کیا گیا ہے اور قرضوں کی واپسی بھی شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بہت سے لوگوں کے پاس گھر بنانے کے لیے نہ زمین ہے اور نہ ہی پیسے۔ اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں 2000 افراد کو مفت پلاٹ دیئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اس موقع پر "اپنی زمین، اپنا گھر” پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں۔ اور کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” کے تحت 33500 افراد کو گھر بنانے کے لیے 36 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ بلال یاسین نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ان فلاحی پروگراموں کو زبردست خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں