وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو اور جےیوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا اور دریائے سندھ پر متنازعہ کینالز سے متعلق جےیوآئی کو مذاکرات کی پیشکش بھی کردی۔
علامہ راشد محمود سومرو کا مشاورتی عمل میں قوم پرست جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ
علامہ راشد سومرو نے کہا کہ سندھ کی سیاسی جماعتوں اور وکلاء کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔مذاکرات سے پہلے متنازعہ کینالز پر فوری طور پر کام روکا جائے۔
جےیوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سندھ کا واضح مؤقف سندھ کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کا قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو سے بھی رابطہ کیا
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شھباز شریف آپ سے ملنا چاہتے ہیں جس پر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ چھہ کینالوں کے معاملے پر ساری سندھ میں غصّہ اور بیچینی موجود ہے۔کینال بنانے کا فیصلہ کر کے سندھ کے ساتھ شدید ناانصافی کی گئی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس مسئلے کو وزیراعظم صاحب آپ سے گفتگو کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔سندھ کی مختلف جماعتوں کے نمائندوں کا کوئی وفد بنائیں گے تو ان سے بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ آپ فوراً کینالوں کا فیصلہ واپس لیں تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔سندھ اس وقت سارے فیصلے مشترکہ مشاورت کے طور پر کر رہا ہے۔سندھ کی ساری سیاسی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ پہلے کینالوں کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
