اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ملک دشمن عناصرہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں۔
اسلام آباد میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہماراجہاد جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکیں گے،ہماری بہادر افواج کے نڈر سپوت دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے تمام اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بیانئے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت صوبوں کی استعداد بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبے جلد مکمل کیا جائیں۔اسمگلنگ کے خلاف تمام ادارے اپنی کوششیں مزید تیز کریں ۔ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے اور اسمگلروں کو قانون کے شکنجے لایاجائے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب کے دس شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص اور نواب شاہ میں سیف سٹی منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ منظور ہو چکا ہے۔آئندہ مرحلے میں ڈیرہ اسماعیل خان ، بنوں، لکی مروت میں سیف سٹی منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ہ قومی شاہراہ 25 N اور قومی شاہراہ 40 N پر واقع تمام اہم شہروں میں بھی سیف سٹی منصوبہ لگائے جائیں گے۔
