پانی کی قلت کے وقت ٹی پی لنک کینال کھولنا غیرذمہ دارانہ اقدام ہے:مراد علی شاہ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹی پی لنک کینال کھولنے پر پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس پر سندھ پہلے ہی اعتراض کر چکا ہے۔

یہ بات انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں انہوں نے کینسر کے لیے جدید "کمپری ہینسو کینسر سینٹر”، گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیا اور افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی سندھ پروفیسر طارق رفیع، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر سعید قریشی، طبی ماہرین، صوبائی سیکریٹریز، سرکاری افسران اور دیگر افراد موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت پانی کی 50 فیصد قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ٹی پی لنک کینال کھولنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب خود اپنا کیس کمزور کر رہا ہے جبکہ سندھ کا مؤقف مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک کینال منصوبوں کو بند کرنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج سندھ کے عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ یہ کینسر سینٹر اس مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس سہولت پر مزید تین جدید مشینیں نصب کرنے کا اعلان کیا اور مخیر حضرات و نجی شعبے سے اس نیک مقصد میں تعاون کی اپیل کی۔یہ سینٹر صوبے میں کینسر کے علاج کو یکسر بدل دے گا کیونکہ یہ پورے خطے کے مریضوں کو جدید اور کم لاگت علاج فراہم کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے "کمپری ہینسو کینسر سینٹر” کے افتتاح کو سندھ کے عوام کے لیے ایک قابلِ فخر اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی سہولت صرف ایک طبی ادارہ نہیں بلکہ امید، جدت اور حوصلے کی علامت ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں