کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات بالخصوص ڈمپرز کی ٹکر سے اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں ان متاثرین کے اہل خانہ موجود تھے
انہوں نے کہا کہ قانون پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث روز لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کسی انسان کی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا، نہ پیسہ، نہ پلاٹ اور نہ ہی کوئی اور چیز اس نقصان کا ازالہ کر سکتی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ آج گورنر ہاؤس میں ڈیڑھ سو سے زائد متاثرہ خاندان موجود ہیں جن کے آنسو ابھی تک نہیں رکے۔
انہوں نے چیف جسٹس پاکستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے خط پر نوٹس لیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اب عدالت قانون پر عمل درآمد یقینی بنائے گی اور متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ تھانے ان متاثرین کی ایف آئی آر تک درج نہیں کر رہے، جو کہ ایک المیہ ہے۔
گورنر کامران ٹیسوری نے ڈمپرز کے ہاتھوں جان کی بازی ہارنے والے افراد کے ورثاء کے لیے ایک ایک پلاٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔
