حکومت سندھ کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی
سندھ اسکواش چیمپئن کو 3 کروڑ روپے کا چیک مل گیا
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکومت سندھ کی جانب سے 3 کروڑ روپے کا چیک سندھ اسکواش چیمپئن کے عہدیدار عدنان اسد کے حوالے کیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری اور سندھ اسکواش چیمپئن کے عہدیدار عدنان اسد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد سے دنیا بھر کے کھلاڑی کراچی آئیں گے، جو نہ صرف کھیلوں کی ترقی میں معاون ہوگا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 35 ممالک کے کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں، جن میں 22 ممالک کی خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 80 ممالک میں لائیو دکھائی جائے گی، جس سے پاکستان خصوصاً کراچی کا مثالی ماحول نمایاں ہوگا۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی اور اسپورٹس ٹورزم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سندھ حکومت نے اس ایونٹ کے لیے 30 ملین روپے مختص کیے ہیں تاکہ عالمی معیار کے مطابق انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے "آئی ورک فار سندھ” پورٹل کا افتتاح کیا، جو پاکستان کا واحد پورٹل ہے جہاں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی نوکریاں دستیاب ہیں۔ اب تک 14 لاکھ افراد اس پورٹل کو استعمال کر چکے ہیں، جب کہ 2000 سے زائد نوکریوں کے لیے 36,833 درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کووڈ کے بعد "ورک فرام ہوم” کا تصور بھی متعارف کرایا گیا، جس میں فوڈ ڈلیوری سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس پورٹل پر ہنر مند افراد کی سی وی بھی موجود ہوگی تاکہ نجی کمپنیوں کو باصلاحیت ملازمین کی خدمات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ صوبے کے لاکھوں نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں۔اسکواش جیسے کھیل کو فروغ دینے سے نہ صرف نوجوانوں میں آگاہی بڑھے گی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔
عدنان اسد نے سندھ حکومت کی حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے نجی کمپنیوں سے بھی تعاون کی اپیل کی تاکہ ایسے کھلاڑیوں کی مدد ہو سکے جو مالی طور پر کھیلوں کا سامان خریدنے سے قاصر ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی چیمپئن شپ جیتے گا، اسے 60 ہزار ڈالرز انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور عالمی کھلاڑیوں کو یہاں آنے کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ خود اس کے خوشگوار ماحول کا تجربہ کریں۔