حکومت سندھ جاب پورٹل ’آئی ورک فار سندھ‘ متعارف کرادیا
کراچی: حکومت سندھ نے پبلک پرائیویٹ کیرئیر پورٹل اور ایپلی کیشن ’آئی ورک فار سندھ‘ متعارف کرادیا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس ہائی جیک کے بعد ہماری فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی۔ پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مذہبی انتہا پسندی ہو یا دہشتگردی، ہم ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ضرور تعریف کروں گا کہ ہمارے پاس ایسا وزیر اعلیٰ ہے جو عوام کی خدمت کرتا ہے اور اپنی پرفارمنس بتاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نئے کنالز پر قومی اسمبلی میں واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔ آپ کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیں گے۔ کچھ لوگوں کو احساس ہوا، انہوں نے تبصرہ بھی کرنا شروع کردیا ہے۔یہ کوئی نیا ایشو نہیں ہے، ہر وقت وزیر اعلیٰ سندھ آپ کا مقدمہ لڑتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہر مسائل کا حل سیاسی انداز میں نکل سکتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ زراعت ترقی کرے لیکن پانی کی تقسیم ٹھیک ہونی چاہیے۔سندھ کے عوام روزگار کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جتنے سندھ کے لوگوں کی نوکریوں کی ڈیمانڈ ہے، اتنی سرکاری نوکریوں نہیں ملتیں۔ ہر کوئی وزیر اعلیٰ سے شکایت کرتا ہے۔ اب اس پورٹل کے تحت ملازمت کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو صرف گھر ہی نہیں دیے بلکہ ان کے بینک اکاؤنٹس بھی بنائے اور خواتین کو مالکانہ حقوق بھی دیے۔ ہاؤسنگ منصوبے کی وجہ سے 10 لاکھ اسامیاں بنیں۔ پرائیوٹ سیکٹر زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔نوکریاں دینے والوں سے کہتا ہوں کہ آئیں اور اس پلیٹ فارم کا حصہ بنیں۔ ابھی سندھ کے عوام آکسفورڈ سے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، میں ہوکر آیا ہوں۔ پیپلز پارٹی کی یوتھ ونگ اور پی ایس ایف سے کہتا ہوں وہ اس کی مہم چلائیں۔ بزنس کمیونٹی سے کہتا ہوں وہ بھی اس پورٹل کا حصہ بنیں اور سندھ کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھائیں۔
