
لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس آمد کے موقع پر صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں 9 مئی کو جناح ہاؤس،عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ تھوڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی۔ جے آئی ٹی ہنگامہ آرائیوں کے حالیہ واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
