سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو 97ویں یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک خوشحال، جمہوری اور خودمختار پاکستان کا تصور دیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ایٹمی پروگرام شروع کیا۔
ایک بیان میں سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات و افراد کو بااختیار بنانا عوام کے ساتھ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بے لوث وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے کے لئے انہوں نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری نے ثابت قدمی سے شہید بھٹو اور شہید بی بی کی میراث کو آگے بڑھایا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں، پی پی پی نے قوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے وفاق کو مضبوط، صوبوں کو بااختیار بنانے اور اتفاق رائے کی سیاست کو فروغ دینے میں صدر آصف علی زرداری کی کوششیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی میراث ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر رکن قائد عوام کے نظریات کے تحت جمہوریت، انصاف اور عوام کے حقوق کے لیے آج بھی کوشاں ہے۔
