سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک بار پھر ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں کے جلد از جلد خاتمہ اور کام میں تیزی لانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایشین ڈولپمنٹ بینک کے للائڈ رائٹ اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس آن لائن شریک ہوئے۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کے فوری حل پر تفصیلی گفتگو اور تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پانی کی سپلائی لائنوں، کے الیکٹرک، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی تنصیبات سمیت یوٹیلٹیز کی منتقلی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر پر بھی خیالوں کا تبادلہ کیا گیا۔ اجلاس میں لاٹ 1 اور لاٹ 2 میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور پروجیکٹ کنٹریکٹرز نے پیش رفت سے متعلق آگہی دی ۔
اجلاس کے موقع پر ٹرانس کراچی کے سی ای او طارق منظور چانڈیو نے عملدرآمد میں درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ یوٹیلیٹی پرووائیڈرز کی جانب سے ری لوکیشن کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جارہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مسائل حل کرنے اور بلا روک ٹوک پیش رفت یقینی بنانے کے لیے پانچ دن کی سخت ڈیڈ لائن دی گئی، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایئرپورٹ کے قریب کام شروع کرنے کے لئے سول ایوی ایشن سے رابطے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کے فور اور اور کے ای کے انفراسٹرکچر ایڈجسٹمنٹ کو منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجہ قرار دیا گیا۔
اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، ہمیں ٹائم لائن سے پہلے کام مکمل کرنا ہوگا، تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے لیے تین شفٹوں صبح، شام اور رات میں کام کیا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ منصوبہ پر کام چوبیس گھنٹے جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی، کراچی کے لیے ایک فلیگ شپ ٹرانسپورٹیشن پروجیکٹ ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی کا مقصد جدید، موثر، اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کرکے کراچی کی ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلاب لانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مکمل ہونے پر ریڈ لائن بی آر ٹی سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفری سہولت ملے گی۔
