وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار.
اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جان کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، وزراء مملکت علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں. گزشتہ دورِ حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی۔پاکستانی معیشت کو دیفالٹ سے بچایا، معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں۔موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو (Caa 2) ریٹنگ دئے جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس اہم پیشرفت اور معیشت کی مجموعی بہتر صورت حال کے حوالےسے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔دوست ممالک سے ملک کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے.دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں.
