
پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا اور عید جوانوں کے ساتھ گزاری اور ان کی خدمات کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع شمالی وزیرستان میں میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا اور فوجیوں کے ساتھ عید منائی۔
آرمی چیف نے عید کی نماز سے آغاز کرتے ہوئے، پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوش حالی کے لیے دعائیں مانگیں اور قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل لگن اور خدمات کو سراہتے ہوئے فوجیوں کو عیدالفطر کی دلی مبارک باد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی کی صورت حال پر ایک جامع بریفنگ دی گئی اور بریفننگ میں پاک-افغان سرحد کے ساتھ حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ امن اور استحکام کے فروغ کے لیےگراں قدر خدمات سرانجام دیں، امن اور استحکام ہمارے شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہیں، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔
