
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بشام کے قریب پیش آیا کہ سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی
دھماکے کی شدت سے چینی باشندوں کی گاڑی نیچے کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی۔
ڈی آئی جی ملاکنڈ کے مطابق غیر ملکیوں کی گاڑی اسلام آباد سے کوہستان آرہی تھی
کار میں سوار چینی باشندے داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرتے تھے اور داسو جارہے تھے۔
جاں بحق افراد میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔
وزیر اعظم کی چینی سفیر سے ملاقات، حملہ آوروں کو سزا دینے کی یقین دہانی

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
وزیراعظم نے چینی سفیر کو واقعے کے ذمے داروں اور سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں قرار واقعی سزا دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کے لیے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام بھی دیا۔
