نیومکسیکو جیفری ایپسٹین کے سابق فارم ہاؤس کی تلاشی شروع کر دی گئی
امریکی حکام کے مطابق ریاست نیومکسیکو میں تفتیش کاروں نے پیر کے روز جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین کے سابق فارم ہاؤس کی تلاشی شروع کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی ان الزامات کی تحقیقات کا حصہ ہے جن کے مطابق وہاں خواتین اور لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تلاشی کا یہ عمل امریکی وزارت انصاف کی جانب سے جنوری میں آنجہانی سرمایہ کار سے متعلق لاکھوں فائلوں کی اشاعت کے حالیہ نتائج میں سے ایک ہے، جن میں "زورو فارم” کا ذکر ہزاروں بار آیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیومکسیکو کی وزارت انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "تلاشی کی یہ کارروائی اس فوجداری تحقیقات کا حصہ ہے جس کا اعلان وزارت نے 19 فروری کو ایپسٹین کے فارم ہاؤس پر 2019 میں اس کی موت سے قبل ہونے والی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے کیا تھا”۔
نیومکسیکو سے تعلق رکھنے والی کانگریس کی رکن میلانیا اسٹینسبری نے کہا ہے کہ ریاست کی وزارت انصاف اس تلاشی کے عمل میں "کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی”۔
میلانیا اسٹینسبری نے "ایکس” پر بیان میں مزید لکھا کہ "ایپسٹین کے مظالم سے بچ جانے والی خواتین نے انصاف کے لیے بہت طویل انتظار کیا ہے اور نیومکسیکو سچائی اور احتساب کی تلاش میں پیش پیش ہے”۔
واضح رہے کہ ایپسٹین کو 2008 میں کم عمر لڑکیوں کو جنسی مقاصد کے لیے ورغلانے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، جن میں سے بعض کی عمریں محض 14 سال تھیں، لیکن وہ 2019 میں نیویارک کی ایک جیل میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ چلنے سے قبل ہی اپنی کوٹھڑی میں ہلاک پایا گیا۔
