محکمہ انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سندھ اور سکھر آئی بی اے میں معاہدے پر دستخط

کراچی (نامہ نگار) سندھ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو فروغ دینے اور اس میں اضافے کے لیے، صوبائی محکمہ انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالاجی نے اپنے پروگرام، ‘انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹریز: ریڈینیس بوٹ کیمپ’، پر عملدرآمد کے لیے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونِ خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالاجی تنزیلہ ام حبیبہ کی موجودگی میں، محکمے کے سیکریٹری آصف اکرام اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے۔ پروگرام کا مقصد 1500 نوجوان گریجویٹس / مساوی کو جدید ترین آئی ٹی انڈسٹری کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے، جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہنرمند وسائل کی کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے۔ ٹریننگ میں اہم ترین سات ٹیکنالوجیز MERN اسٹیک ڈویلپمنٹ، ویب انجینئرنگ، کلاؤڈ سلوشن آرکیٹیکچر، موبائل ایپ ڈویلپمنٹ، SQA، Python اور گیمنگ اور اینیمیشن کے ساتھ ڈیٹا سائنسز شامل ہیں۔ یہ پروگرام کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، سکھر اور خیرپور میں شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونِ خصوصی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالاجی تنزیلہ امہ حبیبہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کو جدید انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی کے رجحانات  سے روشناس کرانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ وہ مقابلے و مسابقت میں دنیا سے پیچھے نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو فروغ دینے اور اس میں اضافے کے لیے مختلف  پروگراموں  کے ذریعہ عمل درآمد کررہا ہے۔ تنزیلہ امہ حبیبہ نے کہا کہ اس وقت بھی سندھ کے آئی ٹی سیکٹر میں خواتین کی شمولیت بہت کم ہے، اور محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالاجی اس خلا کو پورا کرنے کے لیے بھی ایک جامع حکمت عملی تشکیل دینے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئی ٹی سیکٹر میں تحقیق کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور جدید ترین تحقیقی لیبارٹریوں کے قیام  کے حوالے سے حکومت اور نجی سیکٹر کو مِل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کی روشنی میں آئی ٹی سیکٹر کو سندھ کے ٹاپ 5 صنعتوں کی سطح پر لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقعے پر محکمے کے سینیئر افسران بھی موجود تھے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں