
وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2030ء تک پاکستان 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے جا رہا تھا کہ آناً فاناً منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش بچھا دی گئی۔ کامیاب حکومت کی معاشی پالیسیوں کو نقصان پہنچایا گیا، سلیکٹڈ حکومت کو نکالا گیا تو ہمیں تباہ شدہ معیشت ملی، پی ٹی آئی کی پوری کوشش ہے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے۔
اسحاق ڈار خزانہ نے کہا کہ ہمارا پہلا چیلنج ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا، اگلا مرحلہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، سازشی عناصر اب بھی ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ یہ لوگ ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں، کوئی موقع نہیں جانے دیتے، معیشیت تباہی کے دہانے پر تھی، ہمارے پیش رو نے معیشت کو تباہ و برباد کر دیا۔