
سیتاروڈ (رپورٹر) سیتا سجاگ اتحاد کی کال پر سیتا روڈ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی، شاہی بازار، درویش بازار، لوہار بازار، یوسف بازار، اسٹیشن روڈ، کے این شاہ روڈ، دادو روڈ اور رادھن روڈ سمیت تمام کاروباری مراکز مکمل بند رکھے گئے۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا جہاں شرکاء نے واپڈا گردی نانظور کے نعرے بھی لگائے۔
سیتاروڈ کے عوام کو بیدار کرنے کیلئے قائم تنظیم (سیتا سجاگ اتحاد) کے صدر سلیمان سومرو، ایڈووکیٹ اصغر علی میمن، محبوب سندھی، محمد امین سیال اور شوکت چوہان کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں بجلی کے بغیر رہنا بہت مشکل ہے کیونکہ گھر کے کام سے لے کر کارخانوں اور چھوٹے کاروبار تک ہر چیز کے لیے بجلی بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف انتظامیہ بجلی بند کر کے شہریوں کا معاشی قتل کر رہی ہے، دوسری طرف بجلی بند ہونے سے شہری پینے کے پانی کے لیے پریشان ہیں، جبکہ گھروں اور ہسپتالوں میں بیماروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہونے تک احتجاج جا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
