
کراچی: سندھ حکومت کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی مزید بہتری کے لیے اچھے اقدامات کر رہا ہے، ملک کے سب سے بڑے اور کثیر آبادی والے شہر میں طلب سے تقریباً 50 فیصد پانی کم دستیابی کے باوجود شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم کر رہے ہیں جبکہ شہر کے آخری سرے اور دور دراز علاقوں تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے واٹر کارپوریشن تمام تر وسائل اور صلاحتیں بروئے کار لا رہا ہے کیونکہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے امیر جماعت اسلامی ڈسٹرکٹ سینٹرل فاروق نعمت اللہ اور ٹاؤن چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ خان کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات کے دوران چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو، چیف انجینئر سیوریج اسلم اعوان، ایس ئی ڈبلیو ٹی ایم سید اعجاز احمد، ایس ئی سینٹرل عثمان خاصخیلی سمیت دیگر حکام موجود موجود تھے، اس موقع پر وفد نے واٹر کارپوریشن حکام کو گلبرگ ٹاؤن میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
سی او او واٹر کارپوریشن نے وفد کو تمام شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے پابند کیا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
