
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایت پر واٹر بورڈ شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی مزید بہتری کے لیے اچھے اقدامات کر رہا ہے، شہر میں پانی چوری کی روکنے اور منصفانہ تقسیم کے لیے ٹاؤنز چیئرمین اور واٹر بورڈ افسران پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم ہو سکے، ان خیالات کا اظہار سی او او واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے ٹاؤن چیئرمین سہراب گوٹھ لالا عبدالرحیم کی قیادت میں آنے والے مختلف یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے وفد سے ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کے دوران کیا،
اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین نے سہراب گوٹھ کی مختلف یونین کونسلز میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، سی او او واٹر بورڈ نے تمام شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے پابند کیا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں میئر کراچی کی ہدایت پر مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں، ملاقات کے دوران میونسپل کمشنر سہراب گوٹھ امتیاز مگسی، محمد حنیف بلوچ، آفتاب عالم چانڈیو، غلام مصطفیٰ مگھن، عامر خان، دلاور جعفری، مشتاق احمد سمیت دیگر حکام موجود تھے، اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین سہراب گوٹھ نے شہر بھر میں اینٹی تھیفٹ سیل کی کاروائیوں سراہتے ہوئے پانی چوروں کے خلاف واٹر بورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی یقین دھانی کروائی.
