
وزیر اعظم شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے بعد ملک کے عوام کو اپنی زندگیوں اور روزگار کی بحالی کیلئے مدد کے حوالے سے اہم ثابت ہو گی۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے بارے میں سربراہ اجلاس کے موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد Al-jasser سے ملاقات میں ترقیاتی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت پاکستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے بھی اس شراکت داری کو اہم قرار دیا۔انہوں نے پاکستان کو سیلاب کے بعد بحالی کیلئے چار ارب بیس کروڑ ڈالر امداد کی فراہمی سے متعلق اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلان کو بھی سراہا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان دیرینہ تعاون اور روابط کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
