چیئرمین صفورا ٹاؤن کی صدارت میں کونسل کا اجلاس، سڑکوں ومقامات کو نام دینے کی قرار دادیں متفقہ طور پرمنظور
کراچی: چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی کی سربراہی میں کونسل کا بارہواں اجلاس منعقد ہوا
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے رکن کونسل امروز امام نے کیا جس کے بعد ایجنڈے کے تحت 17 مختلف سڑکوں ودیگر مقامات کے نام تجویز کرنے کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں ،قرار دادیں اراکین کونسل عدنان جاوید،محمد صادق ،سائرہ سجاد ،راحت زیب خان نے پیش کیں بعد ازاں محمد سومار گابا کی پیش کردہ قرار داد اراکین کونسل کو پانچ ہزار روپے ٹی اے اینڈ اے کی مد میں فراہم کرنے اور لوکل ٹیکسز کی ریکوری کو بہتر کرنے کے حوالے سے لیگل معاملات دیکھنے کیلئے ارشاد خاصخیلی کو غیر معینہ مدت کیلئے کنٹریکٹ پر فرائض سر انجام دینے کی قرار دادیں بھی متفقہ طور پر منظور کی گئیں.
رکن کونسل محمد صادق کی پیش کردہ ایران پر صیہونی طاقتوں کے حملے اور شہادتوں پر مذمتی قرار داد منظور کرلی گئ بعد ازاں پاکستان کی اعلی قیادت کے جنگ بندی کے لئے کئے جانے والے کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا.
اس موقع پر وائس چیئرمین عبدالحق بلوچ اراکین کونسل سائرہ سجاد،امروز امام ،ارشد سکندر ،زہرش خانزادی،شمیم صدیقی ودیگر نے بھی قرار دادوں پر اظہار خیال کیا.
اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی نے کہا کہ مختلف جگہوں کو نام دینے کی قرار دادیں کونسل کی منظوری کے بعد متعلقہ اداروں کو بھیجی جائیں گی اگر نام میں کوئ ٹکراؤ نہیں ہوا تو کونسل کی منظور شدہ نام کے مطابق انہیں نام دے دیا جائے گا ،انہوں نے اراکین کونسل کو بجٹ ،او زیڈٹی اور لوکل ٹیکسز کے حوالے سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ رکن کونسل سومار گابا اور امروز امام کی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ٹاؤن کے ماتحت کرنے کی تجویز اچھی ہے لیکن قانونی طور پر یہ اختیار ٹاؤن کو حاصل نہیں ہے لہذا اس قسم کی قرار داد کونسل میں پیش نہیں کی جاسکتی انہوں نے اراکین کونسل کو یقین دہانی کروائ کہ اراکین کونسل کے ساتھ ملکر ٹاؤن کو بہتر سے بہترین بناکر دم لیں گے اور اجلاس کا انعقاد تواتر سے ہوگا تاکہ اراکین کونسل کی رائے سے ٹاؤن کیلئے بہتر اقدامات کرسکیں.
