گلبرگ ٹاؤن کی یوسی 4، بلاک 7 دستگیر میں ”باغ علی” کا افتتاح
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے یوسی 4 بلاک 7 دستگیر میں ” باغ علی” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف،یو سی چیئرمین اور وائس چیئرمین اور دیگر علاقائی معززین بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس نئے تفریحی مقام پر خوشی کا اظہار کیا۔ پارک میں خوبصورت فاؤنٹین، بچوں کے لیے جھولے،اوپن ایئر جم اور شہریوں کے لیے جاگنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے، جو اسے اہلِ علاقہ کے لیے ایک مکمل فیملی پارک بناتا ہے۔ جماعت اسلامی عوامی خدمت کو عبادت سمجھتی ہے، اور شہر کراچی کے ہر علاقے میں معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی،جماعت اسلامی کے نمائندوں کو جب بھی بلدیاتی خدمات کا موقع ملا ہے تو انہوں نے اپنے کام سے ثابت کیا چاہے وہ عبدالستار افغانی کا دور ہو یا نعمت اللہ خان صاحب کا جن کی شب و روز محنت نے کراچی کو روشنیوں کا شہر بننے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج نے کہا کہ پارک آباد ہو رہے ہیں گلیاں روشن ہو رہی ہیں اور سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنوں میں عوامی خدمت کا کام جوش اور جذبے کے ساتھ کیا جا رہا ہے حافظ نعیم الرحمن کے ویژن کے مطابق اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ باغ علی کا قیام علاقے میں ایک اہم اضافہ ہے یہ گلبرگ کا 9 پارک ہے جس میں اوپن ایئر جم کی سہولیت میسر کی گئی ہیں جس سے فیملیز کو مثبت تفریح میسر آئے گی۔ہم عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں ہماری اولین ترجیح عوام کو بلدیاتی سہولتیں پہنچانا ہے جس کے لیے میں اور میری پوری ٹیم کوشاں ہے۔
