سید ناصر حسین شاہ نے جناح ایوینیو اورطارق روڈ پر سڑک دھنسنے کے واقعات کا سخت نوٹس لے لیا

سید ناصر حسین شاہ نے جناح ایوینیو اورطارق روڈ پر سڑک دھنسنے کے واقعات کا سخت نوٹس لے لیا

کراچی: صوبائی وزیر  بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی و تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی و مرمتی کاموں، سڑکوں کی خستہ حالی اور حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نجمی عالم، ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی، ڈی جی کے ڈی اے، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹس اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے ملیر ہالٹ، ملیر چھاؤنی روڈ، یونیورسٹی روڈ، کشمیر روڈ، طارق روڈ اور جناح ایوینیو سمیت شہر کی اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران جناح ایوینیو اور طارق روڈ پر سڑک دھنسنے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے متاثرہ مقامات کا موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا جہاں سڑک بیٹھ جانے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے اور زیر زمین انفراسٹرکچر کی کمزوری کے باعث سڑکیں متاثر ہوئیں تاہم ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام شروع کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے جناح ایوینیو اور ملیر ہالٹ روڈ پر جاری بحالی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ۔

انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور برساتی پانی کی نکاسی کے لیے متبادل راستوں پر بھی کام تیز کیا جائے۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر حکام نے وزیر بلدیات کو شہر میں جاری میگا پروجیکٹس، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ڈرینیج سسٹم کی بہتری اور ملیر ہالٹ انڈرپاس کی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے مختلف مراحل میں ہیں اور بعض مقامات پر کام کو مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

سید ناصر حسین شاہ نے طارق روڈ پر دھنسنے والی سڑک کے مرمتی کام کا خصوصی معائنہ کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور جدید انجینئرنگ تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقل بنیادوں پر حل فراہم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ عارضی مرمت کے بجائے پائیدار اور دیرپا منصوبہ بندی کی جائے تاکہ بار بار سڑکوں کی خرابی کا مسئلہ ختم ہو سکے۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، سست روی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اس کے انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات، محفوظ سڑکیں اور مؤثر نکاسی آب کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائنز کو فعال کیا جائے اور فیلڈ میں مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی فوری طور پر سامنے آ سکے، دورے کے دوران صوبائی وزیر نے بعض مقامات پر کام کی سست رفتاری پر برہمی کا اظہار بھی کیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ڈیڈ لائنز دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے اندر کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انہوں نے اس نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے اور شہریوں کو جلد بہتری محسوس ہوگی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں