کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لئے جدید تالاب کی تعمیر جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم، محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے زیرو پوائنٹ حب کینال کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ہیڈ ریگولیٹر کے اپ اسٹریم کو ڈاؤن اسٹریم سے منسلک کرنے کے لیے جدید انٹیک چیمبر (تالاب) تعمیر کیا جا رہا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے حکام کے مطابق انٹیک چیمبر کی تعمیر سے زیرو پوائنٹ پر موجود دونوں کینالز کو حب ڈیم سے مؤثر انداز میں منسلک کیا جا سکے گا، جس کے نتیجے میں پانی کے بہاؤ میں بہتری، ترسیلی نظام کی کارکردگی میں اضافہ اور ہائیڈرولک صلاحیت میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد خصوصاً ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی میں واضح بہتری آئے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے حب کینال کی بندش کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت حب کینال 5 اپریل سے 10 اپریل 2026 تک بند رہے گی۔
اس دوران ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی جبکہ مینٹیننس کے دوران کرش پلانٹ ون اور ٹو کے ہائیڈرنٹس بھی بند رکھے جائیں گے۔ حب پمپنگ اسٹیشن کی بندش کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، تاہم دیگر تمام تنصیبات سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق کراچی کو مجموعی طور پر یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے جبکہ اس عارضی صورتحال میں بھی تقریباً 550 ملین گیلن پانی کی فراہمی برقرار رکھی جائے گی۔ سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تمام وسائل بروئے کار لانے اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس نوعیت کے ترقیاتی منصوبے شہر کے پانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو بہتر اور بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دوران پانی کا باکفایت استعمال کریں تاکہ عارضی کمی کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
