چیئرمین مورڑو میربحر ٹاؤن کا بارش کے بعد افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا
چیئرمین مورڑو میربحر ٹاؤن علی اکبر نے اسسٹنٹ کمشنر سائٹ ندا سمن کیماڑی کے ہمراہ متعلقہ افسران کے ساتھ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے گزشتہ شب طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورانِ برسات چیئرمین ٹاؤن اور اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں درختوں کو فوری طور پر ہٹا کر سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا، جبکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے بلدیاتی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک رکھا گیا۔ اس موقع پر نکاسیٔ آب کے جاری کاموں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
چیئرمین نے ہدایت جاری کی کہ تمام چوکنگ پوائنٹس کی فوری نشاندہی کرکے انہیں ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے، تاکہ برساتی پانی کی نکاسی کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ عملے کو تاکید کی کہ نالوں اور ڈرین لائنز میں رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں پمپنگ مشین کے ذریعے مزید بہتر بنا کر پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے، تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
چیئرمین علی اکبر نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں اور ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کے ذریعے عوامی مشکلات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹاؤن انتظامیہ بارشوں کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کو فعال رکھنے اور چوکنگ پوائنٹس کے مستقل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ رین ایمرجنسی سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جس سے عوام کی شکایات کا ازالہ فوری طور پر کیا جائے گا ۔
