میئر کراچی نے لیاری میں مرزا آدم خان روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
لیاری میں ترقی کا نیا باب، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مرزا آدم خان روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کراچی: میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری میں مرزا آدم خان روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر کونسل اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر و بحالی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری منصوبے میں شامل ہے، پیکیج 03 کے تحت سڑک اور ڈرینیج کے جدید کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے،گارڈن سے مرزا پور روڈ تک سڑک کی بحالی ضلع جنوبی میں اہم پیش رفت ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے پر 378 ملین روپے لاگت آئے گی، شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم ہوں گی۔4.48 کلومیٹر طویل ڈوئل کیرج وے سڑک تعمیر کی جائے گی۔26 فٹ چوڑی سڑک سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 4.61 کلومیٹر طویل ڈرینیج لائن کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے،4 فٹ چوڑی نکاسی آب لائن سے بارش کے پانی کی نکاسی بہتر ہوگی۔18 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھانے کا کام بھی شامل ہے۔بلدیہ عظمیٰ کراچی اور لوکل گورنمنٹ سندھ مشترکہ طور پر منصوبہ مکمل کریں گے۔لیاری کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، لیاری میں کام تیزی سے جاری ہے۔ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے متحرک ہے۔
