کسی بھی ادارے کی مضبوط بنیاد اس کے ٹیکس نظام پر قائم ہوتی ہے: منصور احمد شیخ
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کی مضبوط بنیاد اس کے ٹیکس نظام پر قائم ہوتی ہے، اور یہی وسائل عوامی خدمت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈ لائنسس اور پراپرٹی ٹیکس کے محکمہ جاتی افسران و عملے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ٹاؤن کے پارلیمانی لیڈر و چیئرمین ٹریڈ لائنسس کمیٹی شیر محمد کاکڑ،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد رئیسی، ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس عاصم علی خان بھی موجود تھے اجلاس میں ٹیکس ریکوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، واجبات کی بروقت وصولی اور اس عمل میں درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین منصور احمد شیخ نے ہدایت دی کہ ٹیکس ریکوری کے عمل کو مزید تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل جمع کیے جا سکیں اور ان وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی رقم کو شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے، انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر بلدیاتی خدمات میں استعمال کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دینا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور اس کے ذریعے ہی علاقے کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ عوام میں ٹیکس کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ لوگ خوش دلی سے اپنے واجبات ادا کریں۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر ٹاؤن کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ علاقہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
