چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی جانب سے بلدیاتی افسران و ملازمین کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا انعقاد
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے عیدالفطر کے دوسرے روز کورنگی ٹاؤن آفس میں بلدیاتی افسران و ملازمین کے اعزاز میں ایک پروقار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹاؤن کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران، سپروائزری اسٹاف اور دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا مقصد عید کی خوشیوں کو آپس میں بانٹنا اور بلدیاتی عملے کی کاوشوں کو سراہنا تھا۔اس موقع پر شرکاء نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی اور خوشگوار ماحول میں اس یادگار لمحے کو بھرپور طریقے سے منایا۔
چیئرمین محمد نعیم شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی ادارے کسی بھی شہر کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور کورنگی ٹاؤن کے افسران و ملازمین نے خصوصاً عید کے موقع پر صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی خدمات کی بروقت فراہمی میں قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مواقع ادارے کے اندر ہم آہنگی، بھائی چارے اور ٹیم ورک کو فروغ دیتے ہیں، جو کہ بہتر کارکردگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کورنگی ٹاؤن میں شہری سہولیات کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تقریب کے دوران مہمانوں کے لیے پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ دوستانہ ماحول میں افسران و ملازمین نے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارا۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ چیئرمین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
