چیئرمین صدر ٹاؤن کی ہدایت پرمختلف علاقوں میں بارش کے جمع شدہ پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا
کراچی: بدھ کی رات ہونے والی طوفانی بارش کے بعد چیئرمین صدر ٹاؤن، منصور احمد شیخ کی ہدایات پر ٹاؤن انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بارش کے جمع شدہ پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا۔
چیئرمین منصور احمد شیخ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ایم اینڈ ای ،بی اینڈ آر ،مہکمہ پارکس ،سنیٹیشن،کاعملہ صفائی اور دیگر متعلقہ شعبہ جات متحرک رہے اور نشیبی علاقوں میں پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا گیا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سلسلے میں اولڈ سٹی ایریا، بلاول ہاؤس کے اطراف، حقانی چوک ،شاہین کمپلیکس ،ایوان صدر روڈ،کلب روڈ،میٹرو پول ہوٹل ،تین تلوار،بوٹ بیسن،سمیت دیگر اہم مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے۔
محکمہ پارکس کی جانب سےبارش کے باعث گرنے والے درختوں اور ٹہنیوں کو ہٹانے اور سڑکوں کی صفائی کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی میسر آ سکے۔
چیئرمین منصور احمد شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب اور صفائی کے عمل کو مکمل ہونے تک جاری رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ ہر وقت الرٹ رہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

