نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کے تحت700 گلیاں پیور بلاک سے پختہ، اہم شاہراہ کی تعمیر مکمل

نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کے تحت700 گلیاں پیور بلاک سے پختہ، اہم شاہراہ کی تعمیر مکمل

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11 جی بلاک ایل میں پیور بلاک سے تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت سیاسی تعصب کا شکار ہے۔ وہ خود تو کراچی میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کر رہی لیکن جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن چیئرمینوں پر بلاجواز تنقید کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز میں سے جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں محدود وسائل کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کو پیور بلاک سے پختہ کرنے کے منصوبے کے تحت اب تک تقریباً سات سو گلیاں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ باقی گلیوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ جس سڑک کا آج افتتاح کیا گیا ہے وہ آخری بار 2004 میں جماعت اسلامی کے دور میں تعمیر ہوئی تھی۔ اس کے بعد کئی بلدیاتی ادوار گزرے لیکن کسی نے اس اہم شاہراہ کی تعمیر پر توجہ نہیں دی۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین اپنے محدود وسائل کے باوجوداختیار سے بڑھ کر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیوریج، پانی اور اسٹریٹ لائٹس کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

منعم ظفر نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی اہم شاہراہ سات ہزار روڈ طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے اور چار سال گزرنے کے باوجود اس کی تعمیر ممکن نہیں ہو سکی اس اہم شاہراہ کو فوری تعمیر کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میئسر آسکے۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل نمبر 10 سیکٹر 11 جی بلاک ایل کے مکینوں کاسڑک کی تعمیر کا دیرینہ مطالبہ آج پورا کر دیا گیا ہے۔ ایک ہزار گلیوں کو پختہ کرنے کے منصوبے کے تحت سات سو گلیاں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ باقی تین سو گلیاں بھی رواں ماہ کے اختتام تک پختہ کر لی جائیں گی۔ٹاؤن میں تعمیر و ترقی جاری رہے گی جس کے تحت  مزید سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کو حل کررہے ہیں۔ ٹاؤن انتظامیہ  نے ہزاروں گھروںکی دہلیز تک پانی کی فراہمی ممکن بنائی ، جبکہ تقریباً نو کروڑ روپے کی خطیر رقم سیوریج لائنوں کی تنصیب اور مرمت پر خرچ کیے گئے ہیں۔  اگرچہ یہ کام واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے لیکن عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ نے خود یہ ذمہ داری اُٹھائی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ آج جس سڑک کا افتتاح کیا گیا ہے وہ ایک اہم مرکزی راستہ ہے سڑک کی تعمیر سے علاقے کے مکینوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقی اور تعمیر کا یہ سفر جاری رہے گا اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں