منتخب نمائندے عوام کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں:چیئرمین محمد یوسف
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا ہے کہ خوبصورت محلوں اور صاف ستھری گلیوں کے عزم کے تحت نیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کو پختہ کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کے تحت ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز میں پیور بلاک کے ذریعے گلیوں کی تعمیر و بحالی کا عمل بڑے پیمانے پر کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں سیکٹر فائیو ای میں بھی گلیوں کو پیور بلاک کے ذریعے پختہ کیا جا رہا ہے، جس سے علاقے کی مجموعی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کو صرف گلیوں کی تعمیر تک ہی کام محدود نہیں رکھا گیا بلکہ علاقے میں سیوریج کے نظام کی بہتری، پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور روشن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام ترقیاتی کام نیو کراچی ٹاؤن کے فنڈز سے انجام دیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کے اپنے وسائل سے بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ اور منتخب نمائندے اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ بلدیاتی سہولیات عوام کے گھر کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت نیو کراچی ٹاؤن میں صفائی، روشنی، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار اور مثبت تبدیلی نظر آ ئے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلیوں کی پختگی، سیوریج کے مسائل کا خاتمہ اور بہتر اسٹریٹ لائٹنگ شہریوں کی دیرینہ ضرورت تھی، جسے پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک مثالی اور منظم ٹاؤن بنانے کے لیے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے بین الاقوامی صورتحال پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کی پالیسیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک برادر اسلامی ملک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لیے اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔مقامی شہریوں نے سیکٹر فائیو ای میں جاری ترقیاتی کاموں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں صفائی، نکاسی آب اور آمدورفت کے مسائل میں واضح بہتری آئے گی اور شہریوں کو ایک بہتر اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔

