کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اجلاس، چیئرمین منگھوپیرٹاؤن کی شرکت

کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اجلاس، چیئرمین منگھوپیرٹاؤن کی شرکت

کراچی: ضلع غربی کے انتظامی و ترقیاتی امور کا جامع اور مؤثر جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس، ڈسٹرکٹ ویسٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن، چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر احمد یار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد محصولات کی وصولی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) اسکیموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

اجلاس کے دوران پراپرٹی ٹیکس، روڈ کٹنگ ٹیکس اور ADP اسکیموں کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران سے سوال و جواب کے ذریعے کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ محصولات کی وصولی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی اداروں کی مضبوط مالی بنیاد ہی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے جامع بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ ٹاؤن میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جا رہے ہیں اور ہر منصوبے کی ذاتی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ معیار، شفافیت اور رفتار برقرار رہے۔ انہوں نے بتایا کہ محصولات کی وصولی بہتر بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کو فعال کیا گیا ہے، ریکارڈ کو منظم اور اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے اور عملی اقدامات کے ذریعے ریونیو کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر UPIT اسد صدیقی نے محصولات کے نظام، ڈیٹا مینجمنٹ اور تکنیکی معاونت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس ریکارڈ کی ڈیجیٹل ترتیب، فیلڈ ویریفکیشن اور ریونیو مانیٹرنگ کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت، درستگی اور کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ UPIT ڈیپارٹمنٹ مالی نظم و ضبط، شفاف ریکارڈ اور محصولات کے اہداف کے حصول میں اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن حافظ محمد شعیب، سینئر اکاؤنٹ آفیسر فیاض چنہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ساگر خان، فہد کاکےپھوٹو اے ڈبل ای ایم اینڈ ائی ڈیپارٹمنٹ، افاق عالم  اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کی اور انتظامی و مالی امور میں مزید بہتری کے لیے تجاویز دیں۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے منگھوپیر ٹاؤن کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ محصولات کی وصولی میں مزید بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے عوامی خدمت اور ترقی کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنائیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں