پاکستانی قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:سردار عبدالرحیم
کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی بہادر افواج و سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے کشیدگی پیدا کرنا ایک غیر دانشمندانہ اقدام ہے ۔ پاکستان ایک خودمختار اور باوقار ریاست ہے ، جو اپنی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔ اگر کسی نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب ملے گا ۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادری اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے ۔ دشمن نے غلط اندازہ لگایا ہے کہ وہ پاکستان پر دباؤ ڈال سکتا ہے ۔ قوم اپنے اداروں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتی آئی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ملک ہے ، مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ اگر کسی نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔ پاکستانی عوام اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے اور اندرونی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ مؤقف اپنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی سیاست سے اجتناب کریں گی اور ملک کے دفاع کے لیے ہر مثبت قدم کی حمایت کریں گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے ، باوقار ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکائے گی ۔
