صدرٹاؤن کی انتظامیہ غیر قانونی دکانوں اور فٹ پاتھوں پر بنائے گئے ڈھانچوں کو مسمار کر دیا
کراچی: صدرٹاؤن کی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے گزشتہ رات برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ اور اطراف کی گلیوں میں قائم غیر قانونی دکانوں اور فٹ پاتھوں پر بنائے گئے ڈھانچوں کو مسمار کر دیا جبکہ چیمبر آف کامرس کے اطراف کی گلیوں تجاوزات کا خاتمہ اور اس سے متصل جنریٹر مارکیٹ کی کئی دوکانوں کو فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر دوکانوں کو سیل بھی کیا گیا۔
اس کارروائی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوارنے کی کارروائی کے دوران وہ تمام دکانیں اور تعمیرات ہٹا دی گئیں جو فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم تھیں اور شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ کا سبب بن رہی تھیں۔
انتظامیہ کے مطابق عوامی سہولت اوربلخصوص رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔مزید برآں آج اسسٹنٹ کمشنر صدر رانا سفیان کی سربراہی میں صدر کے مختلف علاقوں میں جن میں پیراڈائز سینٹر،فورٹ مینشن جاپان مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً آٹھ سو سے ذائد دوکانوں کو فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا اس کارروائی میں صدر ٹاؤن کے محکمہ اینٹی ایکروچمنٹ کا عملہ اور انچارج شاہنواز بھی ہمراہ تھے، جنہوں نے آپریشن کو منظم انداز میں مکمل کیا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرکاری زمین پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر یا قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور فٹ پاتھوں و دیگر عوامی مقامات پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔
